گلگت : گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے بعد پاک فضائیہ نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔ سخت موسم اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے باوجود، پاک فضائیہ کے سی-130 طیارے نے پی اے ایف بیس نور خان سے 7 ٹن سے زائد خشک راشن، ادویات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء گلگت پہنچائیں۔
یہ امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے تعاون سے ان وادیوں میں تقسیم کیا جائے گا جہاں سڑکیں ٹوٹنے کی وجہ سے لوگ کٹے ہوئے تھے اور کسی قسم کی مدد نہیں پہنچ پا رہی تھی۔
ریلیف آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے 75 افراد کو بحفاظت متاثرہ علاقوں سے نکال کر محفوظ جگہوں پر منتقل کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ کام نہایت بروقت اور منظم انداز میں انجام دیا گیا، جو کہ قدرتی آفات میں انسانی جانوں کو بچانے کے لیے پاک فوج کے عزم کی مثال ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ریلیف مشن آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گا، اور پاک فضائیہ کی ٹیمیں مسلسل خوراک، ادویات، طبی امداد اور عارضی رہائش فراہم کرتی رہیں گی۔
یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ پاک فوج اور فضائیہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرتی ہے۔