بانی پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے محمود خان اچکزئی کو نامزد کر دیا

10:22 AM, 20 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے سینئر سیاستدان اور اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو نامزد کر دیا ہے۔

یہ اعلان عمران خان نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران کیا، جہاں انہوں نے اپنے قریبی ساتھیوں کو بتایا کہ اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ اب وقت ہے کہ پارلیمنٹ میں ایک ایسی اپوزیشن ہو جو تمام جماعتوں کی نمائندگی کرے اور مؤثر کردار ادا کرے۔

دوسری جانب، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے مشاورت ابھی جاری ہے۔ تاہم، اعظم سواتی اس عہدے کے سب سے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔

یہ پیشرفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی کے سینئر رہنما عمر ایوب کو 9 مئی کے مقدمات میں سزا کے باعث قومی اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر شپ سے ہٹا دیا گیا۔ ان کے ساتھ شبلی فراز کو بھی نااہل قرار دیا گیا، جس کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن نے جاری کیا۔ دونوں رہنما اس فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں اپیل کر چکے ہیں۔

عمران خان کی جانب سے اچکزئی کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر آگے لانے کا فیصلہ ملک کی سیاسی صورتحال میں ایک نیا موڑ ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ قدم اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اتحاد کو مزید مضبوط بنا سکتا ہے۔

مزیدخبریں