کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ حالیہ بارش کے بعد کراچی کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ شہر کے کئی علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ہزاروں گاڑیاں سڑکوں پر پھنسی ہوئی ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ نے کہا کہ دنیا کے کسی بڑے شہر میں ایسا منظر نہیں دیکھا جاتا جیسا کراچی میں دیکھنے کو ملا۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کراچی کے لیے ایک "سیاہ دن" تھا، لوگ سڑکوں پر بے یار و مددگار نظر آئے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ وہ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب پر تنقید نہیں کرنا چاہتے، بلکہ انہیں مل کر کام کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر عوام کی خدمت کی جائے، کیونکہ شہر کے لوگ سخت مشکلات میں ہیں۔
گورنر سندھ نے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں آگے آئیں اور متاثرہ افراد کی مدد کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
فاروق ستار نے بھی شہر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور کہا کہ کراچی کے شہریوں کو ٹیکس میں ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا تاکہ شہر کو دوبارہ معمول پر لایا جا سکے۔