وزیراعلیٰ کا ”محفوظ و مضبوط پنجاب“

09:05 AM, 21 Apr, 2026

دنیا بھر میں کسی بھی معاشرے یا صوبے کی مجموعی ترقی کا حقیقی پیمانہ وہاں کی بلند و بالا عمارتیں یا وسیع سڑکیں نہیں ہوتیں، بلکہ قانون کی حکمرانی اور اس پر عمل درآمد کی شرح ہوتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کے بامِ عروج پر پہنچتی ہیں جہاں کمزور اور طاقتور طبقات کے لیے قانون یکساں ہو اور جہاں ریاست اپنے شہریوں کے جان، مال اور عزت کی محافظ بن کر کھڑی ہو۔ آبادی کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ پنجاب اس وقت ایک ایسی ہی انقلابی تبدیلی سے گزر رہا ہے، جہاں ایک صاحبِ بصیرت قیادت، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی صورت میں صوبے کو ”محفوظ اور مضبوط پنجاب“ بنانے کے مشن پر گامزن ہے۔ کسی بھی صوبے کا نظم و نسق سنبھالنا کوئی معمولی کام نہیں ہوتا، جتنی زیادہ آبادی ہو گی، مسائل کی نوعیت بھی اتنی ہی پیچیدہ ہو گی۔ گزشتہ 2 سال میں پنجاب نے مریم نواز شریف کی صورت میں ایک ایسی مخلص قیادت کو دیکھا ہے جو بیانات پر یقین نہیں رکھتی، بلکہ عملی نتائج دینے کی قائل ہے۔ جہاں ماضی میں ”یو ٹرن“ اور غیر یقینی کی سیاست نے نظام کو مفلوج کیے رکھا، وہاں مریم نواز نے ثابت کیا کہ حقیقی لیڈر وہی ہے جو عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کا تمام تر سہرا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی مانیٹرنگ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت کو جاتا ہے۔ مریم نوازشریف کے وژن کے تحت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی اور پنجاب پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل کے بہتر استعمال پر مبنی بہترین حکمتِ عملی اختیار کی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے لاہور کے مضافاتی علاقے نواب ٹاو¿ن میں پیش آنے والا حالیہ واقعہ پولیس کی بروقت کارروائی اور وزیراعلیٰ پنجاب کے فوری ایکشن کی ایک روشن مثال ہے۔ واقعے کے مطابق، نواب ٹاو¿ن کی ایک رہائشی خاتون جب اپنے گھر سے باہر نکلیں تو ایک اوباش لڑکے نے ان سے موبائل چھیننے کی کوشش کی۔ اس دوران خاتون نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور مزاحمت کی، لیکن ملزم موبائل لے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اس واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیسے ہی منظرِ عام پر آئی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس کا فوری نوٹس لیا۔ حکومت پنجاب کی خواتین کے لیے واضح پالیسی ہے کہ کسی خاتون کی تذلیل یا اس کے جان و مال پر حملہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر لاہور پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی۔ ڈی آئی جی (آپریشنز) لاہور محمد فیصل کامران کی پیشہ ورانہ سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے جدید سائنسی خطوط اور پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا۔ یہ محمد فیصل کامران کی بہترین حکمتِ عملی اور لاہور پولیس کے پروفیشنلزم کا نتیجہ تھا کہ محض 24 سے 48 گھنٹوں کے اندر نا صرف ملزم کو گرفتار کر لیا گیا بلکہ چھینا گیا سامان بھی برآمد کر کے متاثرہ خاتون کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈی آئی جی (آپریشنز) لاہور محمد فیصل کامران کی قیادت میں لاہور پولیس نے جس طرح اس کیس کو حل کیا، اس نے ثابت کیا ہے کہ اگر قیادت عوام پرور ہو تو ادارے بھی بہترین نتائج دیتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد پولیس رپورٹ کے اندراج سے لے کر ملزم کی گرفتاری تک، متاثرہ خاتون کو کسی قسم کی پریشانی یا روایتی رکاوٹوں کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ یہ اس نئے نظام کی عکاسی ہے جہاں پولیس عوام کی خدمتگار بن کر کام کر رہی ہے۔ مریم نواز شریف نے حکومت سنبھالتے وقت ایک عہد کیا تھا کہ ”اب عوام حکومت کے پاس نہیں جائیں گے بلکہ حکومت خود عوام کی دہلیز پر آئے گی“۔ نواب ٹاو¿ن پر حکومتی ردِعمل اس وعدے کی عملی صورت ہے۔ وزیراعلیٰ کا یہ عزم کہ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کی زیادتی پر ”زیرو ٹالرنس“ آج پنجاب کے کونے کونے میں نظر آ رہا ہے۔ ان کے اس وژن کو نا صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی پنجاب حکومت اور پولیس کی کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے۔ پنجاب میں خواتین کی خودمختاری مریم نواز شریف کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ خواتین کا بااختیار ہونا ہی دراصل ایک مضبوط اور فلاحی معاشرے کی بنیاد ہے اور پنجاب اس وقت اسی سمت میں تیزی سے سفر کر رہا ہے۔ پنجاب اب بدل رہا ہے۔ لاہور میں پولیس، خاص طور پر ڈی آئی جی (آپریشنز) محمد فیصل کامران کی ٹیم، جس طرح سے سٹریٹ کرائم کے خلاف برسرِ پیکار ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب پنجاب جرائم سے پاک صوبہ کہلائے گا۔ صوبہ پنجاب کی سیاسی قیادت عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ پنجاب کی اس تبدیلی اور ترقی کا سہر ا بلاشبہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی بصیرت اور ان کی ٹیم کی محنت کو جاتا ہے۔ ایسی ہی مخلص قیادت کی بدولت ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کے پاکستان کو دیکھنے میں کامیاب ہوں گے۔ پنجاب کی یہ کامیابی دوسرے صوبوں کے لیے بھی ایک مشعلِ راہ ہے کہ وہ بھی اسی طرح عوامی فلاح و بہبود اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنا کر پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں۔ مریم نواز شریف کا پنجاب اب پاکستان کی ترقی کا انجن بن چکا ہے جو ایک ”محفوظ اور مضبوط پاکستان“ کی ضمانت ہے۔ پاکستان زندہ باد۔

مزیدخبریں