اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان ایک اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تمام زیر التواء امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے تمام تصفیہ طلب مسائل کے جلد حل کے لیے مسلسل مکالمے اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا، جسے ایرانی ہم منصب نے سراہا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔
گفتگو کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کی اعلیٰ قیادت مسلسل اور قریبی رابطے میں رہے گی تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی کا تدارک کیا جا سکے اور معاشی و سفارتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس رابطے کے نتیجے میں پاک ،ایران تعلقات میں نئی روح پھونک دی گئی ہے اور جلد ہی کئی اہم شعبوں میں تعاون کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
پاک ،ایران وزرائے خارجہ کا ٹیلیفونک رابطہ: تمام تصفیہ طلب مسائل بات چیت سے حل کرنے اور قریبی تعاون پر اتفاق
07:31 PM, 20 Apr, 2026