زلمی اور مسٹر بیسٹ کا شاندار اشتراک، پاکستانی یوٹیوب کمیونٹی میں ہلچل

08:07 PM, 20 Apr, 2025

امریکہ:پاکستانی نژاد امریکی یوٹیوبر ساجد رحمان، جو "زلمی" کے نام سے مشہور ہیں، نے دنیا کے سب سے بڑے یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (جمی ڈونلڈسن) کے ساتھ اشتراک کر لیا ہے۔ یہ شراکت داری پاکستانی یوٹیوب کمیونٹی کے لیے ایک نیا سنگ میل سمجھی جا رہی ہے۔

زلمی نے اپنے یوٹیوب چینل پر مسٹر بیسٹ کے ساتھ ایک ملاقات کی ویڈیو شیئر کی، جسے 24 گھنٹوں میں 15 لاکھ سے زیادہ افراد نے دیکھا۔ ویڈیو میں مسٹر بیسٹ نے زلمی کو اپنے اسٹوڈیو کا تفصیل سے دورہ کروایا۔

زلمی نے مارچ 2022 میں "ایف ایم ریڈیو کے خراٹے" کے عنوان سے اپنی پہلی ویڈیو اپ لوڈ کی تھی، مگر ان کا بڑا بریک تھرو جنوری 2023 میں آیا جب انہوں نے اپنے بیٹے کے ساتھ "24 گھنٹوں میں 1 لاکھ روپے خرچ کرنے کا چیلنج" ویڈیو شیئر کی، جو فوراً وائرل ہو گئی۔

اب تک زلمی لاکھوں سبسکرائبرز اور کروڑوں ویوز حاصل کر چکے ہیں، اور اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں جیسے ایڈونچرز اور گیمنگ کو اپنے ناظرین کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے مسٹر بیسٹ کے 50 گھنٹوں پر مشتمل آئس لینڈ سروائیول چیلنج کو مکمل کیا، جس کے باعث ان کی عالمی شہرت میں مزید اضافہ ہوا۔

زلمی نے اپنی تازہ ویڈیو "Zalmi x MrBeast: پاکستان کا سب سے بڑا اشتراک آ رہا ہے" کے عنوان سے ریلیز کی ہے، جو پاکستانی یوٹیوب کمیونٹی میں جوش و جذبے کی لہر دوڑا چکی ہے۔ یہ اشتراک ممکنہ طور پر پاکستان کی یوٹیوب تاریخ کا سب سے بڑا اشتراک ثابت ہو سکتا ہے، جس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

 
 
 

مزیدخبریں