لاہور سے باکو براہ راست پروازیں، وزیراعظم نے سفارتی کامیابی قرار دے دیا

06:43 PM, 20 Apr, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے براہِ راست پروازوں کے آغاز کو ملک کے لیے ایک مثبت اور اہم سفارتی کامیابی قرار دیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور اس سے سیاحت، تجارت اور باہمی روابط کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ باکو اور لاہور کے درمیان براہ راست فضائی سروس سے نہ صرف مسافروں کو آسانی ہوگی بلکہ آذربائیجان جیسے برادر ملک کے ساتھ تعاون کے مزید دروازے کھلیں گے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اسی طرز پر دیگر دوست ممالک کے ساتھ بھی پی آئی اے کی پروازیں متعارف کرائی جائیں گی۔

شہباز شریف نے آذربائیجان کو پاکستان کا قابل اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ لاہور سے باکو کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز PK-159، 152 مسافروں کو لے کر صبح 11 بج کر 50 منٹ پر روانہ ہوئی۔ پرواز کی روانگی کے موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر ایک افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف مہمانِ خصوصی تھے۔

مزیدخبریں