لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلم انڈسٹری کو دوبارہ زندہ کرنے کے لیے ایک اہم قدم اٹھا لیا ہے۔ انہوں نے فلم سازوں کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے 8 رکنی کمیٹی بنا دی ہے، جو فلمیں بنانے والوں کو گرانٹ دے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کی تاریخ کا پہلا فلم سٹی، فلم اسٹوڈیو، پوسٹ پروڈکشن لیب اور پاکستان کا پہلا فلم اسکول بنانے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ تمام منصوبے "نوازشریف آئی ٹی سٹی" میں بنائے جائیں گے اور اس کے لیے جگہ بھی مخصوص کر دی گئی ہے۔
"پنجاب فلم فنڈ ڈسبرسمنٹ کمیٹی" کی سربراہی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی، جبکہ کمیٹی میں وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمٰن، رمیش سنگھ اروڑا اور دیگر اہم سرکاری افسران شامل ہیں۔
یہ کمیٹی فلم سازوں کی درخواستیں دیکھے گی، نئی اور نامکمل فلموں کے سکرپٹ کا جائزہ لے گی اور فیصلہ کرے گی کہ فنڈ کس کو دیا جائے۔ کمیٹی کو یہ اختیار بھی ہوگا کہ وہ سب کمیٹیاں بنا سکے۔کمیٹی کا پہلا اجلاس بھی ہو چکا ہے، جس میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے اہم فیصلے لیے گئے ہیں۔