سپیکر کے پی اسمبلی بابر سلیم سواتی پر الزامات بے بنیاد، احتساب کمیٹی نے کلین چٹ دے دی

12:32 PM, 20 Apr, 2025

پشاور : سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی پر لگنے والے کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات ثابت نہ ہو سکے۔ احتساب کمیٹی کے رکن قاضی انور ایڈووکیٹ کی تیار کردہ رپورٹ میں سپیکر کو تمام الزامات سے بری قرار دے دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سپیکر ہاؤس کی تزئین و آرائش پر جو 3 کروڑ روپے خرچ ہوئے، اس میں بابر سلیم سواتی کا کوئی عمل دخل نہیں تھا۔ اسی طرح آسٹریلیا میں ہونے والی کانفرنس میں ان کی شرکت کو ان کے عہدے کے لحاظ سے ضروری قرار دیا گیا۔ کلاس فور ملازمین کی بھرتی متعلقہ دفتر کی سفارش پر بغیر اشتہار کے کی گئی، جو قواعد کے مطابق تھی۔ دیگر تمام تقرریاں اور ترقیاں بھی قانون کے مطابق اور ڈی پی سی کی منظوری سے ہوئیں۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سپیکر اسمبلی صرف ایوان کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں، کمیٹی کے سامنے نہیں۔ یاد رہے کہ اعظم سواتی نے بابر سلیم سواتی پر کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کا الزام لگایا تھا، جس پر سپیکر نے خود انکوائری کی درخواست دی تھی۔ کمیٹی نے اعظم سواتی سے ثبوت مانگے لیکن الزامات ثابت نہ ہو سکے۔ ذرائع کے مطابق یہ رپورٹ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا کو بھجوا دی گئی ہے۔

مزیدخبریں