اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت پٹرول ریلیف سکیم سے متعلق اجلاس میں شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اور سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم پٹرول پمپس پر ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکنز ریڈیم کرنے کی منظوری دی گئی۔ متعلقہ حکام کو آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں میں ایسے پٹرول پمپس کی فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ملک بھر میں بڑی تعداد میں پٹرول پمپس سسٹم پر فعال ہیں اور شہری فیول ٹوکنز ریڈیم کر رہے ہیں، جبکہ ایس ایم ایس 9771 کے ذریعے رجسٹریشن جاری ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ تین روز کے تمام ادائیگیوں کے کلیمز نمٹا دیے گئے ہیں اور روزانہ موصول ہونے والے کلیمز اسی روز نمٹائے جا رہے ہیں۔
اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ تمام کھلے اور فعال پٹرول پمپس کو سکیم کے سسٹم میں شامل کیا جائے، جبکہ مستقل بند اور صرف ڈیزل فروخت کرنے والے پمپس کو فہرست سے خارج کیا جائے۔