کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سندھ کے ایوی ایشن انفراسٹرکچر، سکھر، کراچی اور حیدرآباد ایئرپورٹس کے منصوبوں اور ایوی ایشن یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کا مقصد سندھ میں ایوی ایشن انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا، مسافروں کے لیے سہولیات میں اضافہ، پروازوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنانا اور ایوی ایشن کے شعبے میں تعلیمی مواقع کو فروغ دینا تھا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر ریجن میں نئے گرین فیلڈ ایئرپورٹ کے قیام کے لیے جاری فزیبلٹی اسٹڈی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں کراچی اور حیدرآباد ایئرپورٹس سے متعلق منصوبوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور ایئرپورٹس کے بنیادی ڈھانچے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے امور پر غور کیا گیا۔
ایوی ایشن یونیورسٹی کے قیام کی تجویز بھی اجلاس میں زیر بحث آئی، جس کا مقصد ایوی ایشن کے شعبے میں تعلیم اور تربیت کے مواقع کو وسعت دینا ہے۔