سکول کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے پی سی بی کا بڑا اقدام

02:16 PM, 19 Sep, 2026

 لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں سکول کرکٹ کے فروغ کے لیے پی سی بی نے جامع پروگرام شروع کر رکھا ہے، رواں سال 1400 سے زائد سکول ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ میں شریک ہیں۔

 لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ برس سکول کرکٹ کے فروغ کا آغاز کیا گیا تھا، پی سی بی کی ٹیم نے محنت کی اور ایک ہزار سے زائد سکولوں کو پروگرام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

 انہوں نے بتایا کہ رواں سال ٹورنامنٹ میں 1400 سے زائد سکولوں کے 21 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں، جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل دسمبر میں ہوگا۔

 چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے ٹاپ 50 سکولوں کی ذمہ داری پاکستان کرکٹ بورڈ لے گا اور ان سکولوں میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

 محسن نقوی کے مطابق پی سی بی میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کی طرز پر ڈائریکٹر سکول کرکٹ کا عہدہ بھی قائم کیا جائے گا۔ سکول کرکٹ کا شعبہ پورا سال سرگرم رہے گا اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ پی سی بی کی جانب سے اکیڈمی پروگرام کے حوالے سے بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں