عاصم اظہر کا ہانیہ عامر کے گانے پر ردِعمل، مداحوں کی دلچسپی بڑھ گئی

01:07 PM, 19 Sep, 2026

لاہور : پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اداکارہ ہانیہ عامر کے میوزک کی دنیا میں قدم رکھنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ڈیبیو گانے ’پابلو‘ کو سراہا ہے۔

بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو انٹرویو دیتے ہوئے عاصم اظہر نے گانے کو بہترین قرار دیا اور ہانیہ عامر کی بطور فنکار صلاحیتوں کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہانیہ کو ایک نئے تخلیقی انداز میں دیکھنا دلچسپ ہے، جبکہ انہوں نے گانے کے بول کو بھی خاص طور پر پسند کیا، جو ہانیہ نے خود تحریر کیے ہیں۔

عاصم اظہر نے اس موقع پر موسیقی کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ فن کو مسابقت کے بجائے اظہار کا ذریعہ سمجھنا چاہیے۔ ان کے مطابق ہر گانے کو غیر ضروری تنقید کے بجائے اس کے تخلیقی پہلو سے بھی دیکھنا چاہیے۔

گلوکار نے امید ظاہر کی کہ ہانیہ عامر کا پاپ میوزک میں آنے کا فیصلہ پاکستان اور جنوبی ایشیا کی مزید لڑکیوں کو اس شعبے میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کی ترغیب دے گا۔

یاد رہے کہ عاصم اظہر اور ہانیہ عامر ماضی میں ایک تعلق میں رہ چکے ہیں۔ حالیہ عرصے میں دونوں کی ملاقاتوں اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کے باعث دوبارہ تعلق کی قیاس آرائیاں سامنے آئی ہیں، تاہم دونوں فنکاروں نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔

مزیدخبریں