فرسٹ کلاس کرکٹر محمد فاروق نے بیٹنگ میں بڑا ریکارڈ بنا ڈالا

12:53 PM, 19 Sep, 2026

کراچی : پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے راؤنڈ میں ایم آئی ٹی کے محمد فاروق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ کا اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں فاروق نے صرف 99 گیندوں پر 163 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے، جبکہ انہوں نے صرف 67 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

محمد فاروق نے ایک فرسٹ کلاس اننگز میں کسی پاکستانی بیٹر کی جانب سے سب سے زیادہ چھکے لگانے کا سابق ٹیسٹ کرکٹر ماجد خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ فاروق کی مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر تیسری فرسٹ کلاس سنچری ہے۔

فاروق کے آؤٹ ہونے کے بعد عتیق الرحمٰن نے 142 اور سلمان خان جونیئر نے ناقابلِ شکست 106 رنز بنا کر ایم آئی ٹی کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا۔ ٹیم نے دن کا اختتام 4 وکٹوں پر 476 رنز کے ساتھ کیا۔

دوسری جانب غنی کے شرجیل خان نے 156 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی 15ویں فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی، جبکہ کنگز مین اکیڈمی کے محمد طیب عارف نے بھی 105 رنز بنا کر پہلی فرسٹ کلاس سنچری سکور کی۔

ایبٹ آباد میں ایس بی پی نے پی ٹی وی کے خلاف 9 وکٹوں پر 278 رنز بنائے، جبکہ حسن رضا اور محمد غازی غوری نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

مزیدخبریں