ایف آئی اے کا کراچی میں حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑا ایکشن، سال 2025 میں 63 افراد گرفتار

06:44 PM, 19 Sep, 2025

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کراچی زون نے حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف رواں سال 2025 میں 44 کامیاب کارروائیاں کیں، جن کے دوران 63 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائیاں شہر کے مختلف علاقوں میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر کی گئیں، جن میں غیرقانونی طور پر کام کرنے والی منی ایکسچینج دکانوں اور دفاتر کو نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں ملکی و غیرملکی کرنسی، خفیہ کھاتے، کمپیوٹر ریکارڈ، اور مشتبہ موبائل فونز بھی قبضے میں لیے گئے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی ترسیلات زر اور کرنسی کے غیر رجسٹرڈ کاروبار سے معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے، اور ملک میں ڈالر کی کمی جیسی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں