اسلام آباد : دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طے پانے والا اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ کسی تیسرے ملک کے خلاف نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تحفظ کا مقصد رکھتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ معاہدے کے تحت اگر کسی ایک ملک پر حملہ ہوتا ہے تو اسے دوسرے ملک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے دفاع کو مضبوطی ملے گی۔
شفقت علی خان نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری کی سرپرستی کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور بامقصد مذاکرات کا حامی ہے۔
انہوں نے بھارت کے سکھ یاتریوں کو کرتار پور راہداری سے روکنے کے اقدام پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں بھائی چارے اور امن کے فروغ میں رکاوٹ ہیں۔