روس کے علاقے کامچٹکا میں شدید زلزلہ، سونامی کی وارننگ جاری

12:39 PM, 19 Sep, 2025

کامچٹکا : روس کے مشرقی علاقے کامچٹکا میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 7.2 ریکٹر اسکيل پر ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی۔

زلزلے کے فوراً بعد پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے سونامی کی وارننگ جاری کی ہے جس کے باعث کامچٹکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گورنر ولادیمیر سولودوف نے کہا ہے کہ ابھی تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

یہ زلزلہ اس علاقے میں پچھلے ہفتے آنے والے ایک اور طاقتور زلزلے کے بعد آیا ہے، جس کی شدت 7.1 تھی اور جس نے مقامی لوگوں کو خوفزدہ کر دیا تھا۔مقامی حکام نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ سونامی کے خطرے کو سنجیدگی سے لیں اور ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہیں۔

مزیدخبریں