اقوام متحدہ میں پاکستان کا غزہ سے متعلق قرارداد ویٹو ہونے پر افسوس

09:54 AM, 19 Sep, 2025

نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ پر جنگ بندی سے متعلق پیش کی گئی قرارداد کو امریکہ کی جانب سے ویٹو کیے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے عالمی ضمیر کے لیے ایک "سیاہ لمحہ" قرار دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے غزہ کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ وہاں روزانہ درجنوں بے گناہ شہری، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، شہید ہو رہے ہیں۔ بچوں کو خوراک میسر نہیں، اور اسرائیلی حملوں میں اسپتالوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔

پاکستانی مندوب نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے قدم اٹھائے اور فلسطینی عوام کو امداد فراہم کرنے کے تمام راستے کھولے جائیں۔

یہ بات یاد رہے کہ پاکستان سمیت سلامتی کونسل کے 10 غیر مستقل اراکین نے آج ایک قرارداد پیش کی تھی جس میں غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا تھا، مگر امریکہ نے اسے ویٹو کر دیا۔

قرارداد میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ فلسطینی علاقوں میں جاری حملے روکے اور انسانی امداد پر عائد تمام پابندیاں ختم کرے، لیکن امریکہ کی مخالفت کی وجہ سے یہ قرارداد منظور نہ ہو سکی۔

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتا رہے گا۔

مزیدخبریں