لاہور سے شیخوپورہ تک ڈبل ڈیکر بس سروس کا آغاز، سیاحت کے لیے نیا سنگ میل

01:39 PM, 19 Oct, 2025

لاہور: حکومت پنجاب نے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے لاہور سے شیخوپورہ کے تاریخی مقامات تک دو ڈبل ڈیکر بسوں کی سروس شروع کر دی ہے۔ یہ سروس ہفتہ اور اتوار کو چلائی جائے گی اور اس کا مقصد سیاحوں کو شیخوپورہ کی تاریخ اور ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔ بس کا کرایہ 1200 روپے فی کس مقرر کیا گیا ہے۔

پہلے سفر میں سیاحوں کو پیر وارث شاہ کے مزار اور ہرن مینار کی سیر کرائی گئی۔ اس موقع پر سیاحوں نے ہرن مینار پر بوٹنگ اور سائیکلنگ کی سرگرمیوں کا لطف اٹھایا، اور شیخوپورہ میں ہیر خوانی کی ایک خصوصی تقریب بھی رکھی گئی۔

شہریوں نے حکومت کے اس اقدام کو شیخوپورہ میں سیاحت کے حوالے سے ایک تاریخی پیشرفت قرار دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس دو روزہ ٹور نے شیخوپورہ کے تاریخی ورثے کو نیا رنگ دیا ہے، اور ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے لاہور اور دیگر شہروں کے لوگ اس علاقے کے تاریخی مقامات کے بارے میں زیادہ آگاہ ہوں گے۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کو سیاحت کا مرکز بنانے کے لیے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ٹورازم صدف ظفر نے کہا کہ ہمارا مقصد مقامی معیشت کو مضبوط بنانا اور تاریخی ورثے کی حفاظت اور ترویج کرنا ہے۔

مزیدخبریں