پاکستان اورافغانستان کےدرمیان سیزفائرکامعاہدہ طےپاگیا،وزیردفاع

09:56 AM, 19 Oct, 2025

دوحہ : پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ طے پاگیا ہے، جس پر دونوں ممالک نے دوحہ میں جاری مذاکرات کے دوران اتفاق کیا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے، اور پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فوراً ختم ہوگا۔

یہ مذاکرات قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں 13 گھنٹے تک جاری رہے، اور اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بندی پر بات چیت مکمل ہوئی۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ افغان وفد کی سربراہی وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی۔ قطری وزارت خارجہ نے اس معاہدے کو خطے میں پائیدار امن کی طرف ایک قدم قرار دیا ہے۔

خواجہ آصف نے اپنی ایک ٹویٹ میں اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے قطر اور ترکیہ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں مزید ملاقاتوں کا شیڈول طے پایا ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مزید امور پر بات ہوگی۔

قطری وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ جنگ بندی معاہدہ نہ صرف سرحدی کشیدگی کے خاتمے میں مدد دے گا بلکہ خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کرے گا۔

سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے بھارت کو مایوسی کا سامنا ہوگا کیونکہ اس کے افغانستان میں پاکستان کے خلاف چلائی جانے والی کوششوں کو ایک بڑا دھچکا پہنچا ہے۔

مزیدخبریں