پنجاب میں نیا اقدام: تعلیمی اداروں میں بھرتیوں کے لیے سیکس آفینڈرز رجسٹر سے لازمی جانچ کی سفارش

02:51 PM, 19 Nov, 2025

لاہور: پنجاب کے پراسیکیوٹر جنرل سید فرہاد علی شاہ نے تعلیمی اداروں میں فیکلٹی اور نان ٹیچنگ سٹاف کی بھرتیوں سے قبل امیدواروں کی نادرا کے سیکس آفینڈرز رجسٹر سے لازمی ویریفکیشن کی تجویز دیتے ہوئے سیکرٹری پراسیکیوشن کو ایک اہم مراسلہ ارسال کیا ہے۔

مراسلے میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بچوں کے تحفظ کے موجودہ نظام میں نمایاں خامیاں پائی جاتی ہیں، کیونکہ عمومی بیک گراؤنڈ چیک کے باوجود امیدواروں کے جنسی جرائم کا ریکارڈ سامنے نہیں آتا۔ پراسیکیوٹر جنرل کے مطابق سیکس آفینڈرز رجسٹر اس مقصد کے لیے مؤثر اور قابلِ اعتماد ذریعہ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی سیکس آفینڈر کی بھرتی پورے تعلیمی ماحول کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہے، اس لیے محکمہ قانون و انصاف کو اداروں کی اس رجسٹر تک رسائی کا باقاعدہ طریقہ کار مرتب کرنا چاہیے۔

مراسلے میں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ نئی بھرتیوں کے ساتھ ساتھ موجودہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے ملازمین کی بھی ویریفکیشن لازمی قرار دی جائے، تاکہ بچوں کے تحفظ کو ہر سطح پر یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں