وزیراعظم شہباز شریف کی مون سون کے نقصانات سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

02:14 PM, 19 Nov, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ سال مون سون کے دوران ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے ابھی سے حفاظتی تیاریوں کی ہدایت کی ہے اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کے قلیل المدتی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے حکومتی حکمت عملی پر ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی نے آئندہ مون سون کے حوالے سے عالمی سطح پر موجود موسمی پیش گوئیوں پر بریفنگ دی۔ اس کے علاوہ وزارت نے قلیل المدتی، وسط المدتی اور طویل المدتی منصوبوں کی تفصیل بھی پیش کی۔

وزیراعظم نے قلیل المدتی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر اس پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت موسمیاتی تبدیلی، وزارت منصوبہ بندی اور این ڈی ایم اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اور مربوط منصوبہ بندی کریں۔

وزیراعظم نے پانی کے بہتر انتظام کے لیے نیشنل واٹر کونسل کے اجلاس کی تیاری کی ہدایت بھی کی، تاکہ قومی سطح پر پانی کی کمی اور اس کے انتظام سے متعلق حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہونے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید متاثر ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان کے محدود وسائل ترقی کی بجائے موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے استعمال ہو رہے ہیں، حالانکہ اس کا موسمیاتی تبدیلی میں کوئی براہ راست کردار نہیں۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزیدخبریں