ڈی جی آئی ایس پی آر کا قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ، طلبہ سے اہم گفتگو

11:36 AM, 19 Nov, 2025

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں ملکی دفاع، داخلی صورتحال اور پاک فوج کے کردار پر مفصل بات کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے خطاب میں سوشل میڈیا پر پھیلنے والے پروپیگنڈے اور حقیقت کے فرق پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو آگاہ کیا کہ وہ کس طرح سچ اور جھوٹ میں تمیز کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ بن چکا ہے، اور اس کا غلط استعمال کسی بھی قوم کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بھارت کے حوالے سے کیے گئے بیان کو سچ ثابت ہونے کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی افواج نے بھارت کی ٹیکنالوجی اور جدید اسلحے کو بھی شکست دی ہے، اور اس بات کو دنیا نے تسلیم کیا۔

طلبہ اور اساتذہ نے اس نشست کو بہت مفید اور اثر انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس گفتگو نے ان کے بہت سے ابہامات دور کر دیے۔ طلبہ نے کہا کہ "ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور پاک فوج ہمارے لیے فخر کی علامت ہے۔" انہوں نے سوشل میڈیا اور غلط معلومات سے متعلق سوالات کے جوابات دینے پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزیدخبریں