لاہور: پنجاب حکومت کے اقدامات کے نتیجے میں لاہور کی فضائی آلودگی میں تھوڑی بہتری آئی ہے، لیکن شہر اب بھی فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کے سب سے آلودہ شہروں میں شامل ہے۔ ماحولیاتی ویب سائٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 206 تک پہنچ گیا ہے، جس سے شہر فضائی آلودگی میں دنیا کے ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔
پنجاب کے دیگر بڑے شہروں کی صورتحال بھی تشویشناک رہی۔ فیصل آباد میں AQI 349، گوجرانوالہ میں 344 اور ملتان میں 272 ریکارڈ کیا گیا۔ بھارتی دارالحکومت دہلی بدستور سب سے آلودہ شہر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 407 تک پہنچ چکا ہے۔
دوسری جانب، قومی ادارہ صحت نے سموگ کے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس موسم میں سردی اور فضائی آلودگی کے امتزاج سے نمونیا اور سانس کی دیگر بیماریوں کے پھیلنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔ ادارے نے سموگ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر مبنی ایڈوائزری جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ زہریلے مادے اور سرد ہوا مل کر صحت کے لیے مزید خطرات پیدا کر سکتے ہیں۔
قومی ادارہ صحت نے لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں رہنے والوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کو ماسک کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ وہ سموگ کے اثرات سے بچ سکیں۔