واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان دوبارہ بھڑکنے والی جنگ کو انہوں نے اپنے دورِ حکومت میں روک دیا تھا۔ وائٹ ہاؤس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے دنیا میں 8 بڑی جنگیں رکوا کر امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت اب مثبت اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ ان کے دور میں خطے میں کشیدگی کم کرنے میں پیش رفت ہوئی۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے روس-یوکرین جنگ پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ تنازع اتنا طویل ہو جائے گا، تاہم وہ اُمید رکھتے ہیں کہ یہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی۔
سعودی ولی عہد کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے محمد بن سلمان کو اپنا پرانا دوست قرار دیا اور کہا کہ سعودی عرب نے امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے اپنی سابقہ حکومت کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں امریکہ کی معیشت مضبوط ہوئی، مہنگائی کم رہی اور توانائی کی قیمتوں میں کمی آئی۔