شمالی وزیرستان، سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گرد ہلاک، ٹھکانے تباہ

06:40 PM, 19 May, 2026

راولپنڈی : شمالی وزیرستان کے علاقے شیواہ میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس معلومات پر مبنی ایک بڑا آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 22 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی 17 مئی سے علاقے میں جاری سرچ اینڈ سینیٹائزیشن آپریشن کا حصہ تھی، جس کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں خوارج کے ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، جس سے دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق بھارتی سرپرستی میں چلنے والی 'فتنہ الخوارج' سے تھا، جو ملک میں تخریب کاری کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے خود کو بچانے کے لیے مقامی آبادی کو 'انسانی ڈھال' کے طور پر استعمال کرنے کی بزدلانہ کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے معصوم شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔
ہلاک خوارج کے قبضے سے بڑی تعداد میں جدید خودکار اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز نے اس وقت پورے علاقے کا محاصرہ مکمل کر رکھا ہے اور کسی بھی دوسرے ممکنہ دہشت گرد یا ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن اور کلیئرنس کا عمل تاحال جاری ہے۔
عسکری حکام نے اعادہ کیا ہے کہ     "ملکی سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ نیشنل ایکشن پلان اور 'عزمِ استحکام' کے تحت ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک ایسی ٹارگٹڈ کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

مزیدخبریں