کوئٹہ : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف بیرونی سرپرستی میں چلنے والی تمام پراکسیز اور دہشت گردی کے نیٹ ورکس ناکام ہوں گے کیونکہ وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے ریاست اور غیور عوام ایک تسبیح کے دانوں کی طرح متحد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کا کوئی بھی مکارانہ پروپیگنڈا یا بزدلانہ کارروائی پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور افسران و فیکلٹی اراکین سے تفصیلی خطاب کیا۔ اس سے قبل کوئٹہ آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔
اپنے صدارتی خطاب میں فیلڈ مارشل کا کہنا تھا "مسلح افواج ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پختہ عزم رکھتی ہیں۔ آج کے دور کی جدید جنگ اور پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہماری فورسز کا مسلسل تربیت یافتہ ہونا اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونا ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے بلوچستان میں فرائض سرانجام دینے والے دستوں کے بلند ترین حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ بلوچستان میں پائیدار امن و امان اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل اور بہترین گورننس انتہائی ضروری ہے۔
ریاست اور عوام متحد ہیں، دشمن کی ہر پراکسی کو کچل دیں گے؛ جدید عسکری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال اور مسلسل تربیت لازمی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
11:25 AM, 19 May, 2026