پاک افواج نے بھارت کو شکست دے کر طاقت کا توازن بدل دیا:وزیراعظم شہباز شریف

10:04 PM, 19 May, 2025

کراچی :وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان نے حالیہ بھارتی مہم جوئی کو کامیابی سے ناکام بنا کر دشمن کو ایسا سبق سکھایا ہے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا۔

کراچی میں پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ متحد اور یکجا ہے۔ انہوں نے افواج کی بہترین حکمت عملی، عزم اور قربانیوں کو سراہا، اور خاص طور پر پاکستان کی بحریہ کی تیاریوں اور کارکردگی پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کا ایئرکرافٹ کیریئر "وِکرانت" 400 ناٹیکل میل کے فاصلے سے آگے بڑھنے کی جرات نہ کر سکا، جو پاکستان کی غیر معمولی دفاعی حکمت عملی اور بحریہ کے عزم کی واضح علامت ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف افواجِ پاکستان کی اعلیٰ حکمت عملی بلکہ سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر کی بہترین قیادت کا نتیجہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس دوران پاکستان کی بندرگاہیں، کراچی اور بن قاسم، مکمل طور پر فعال رہیں اور تجارتی جہازوں کی آمدورفت بلا روک ٹوک جاری رہی، جبکہ بھارت کے مغربی ساحل پر تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی بحریہ کی پانچ گنا بڑی طاقت بھی اس صورتحال میں مفلوج ہو کر رہ گئی۔

"رافیل طیاروں کی ناکامی کے بعد بھارت کا 'وِکرانت' ایئرکرافٹ کیریئر میدانِ جنگ سے یوں واپس پلٹا کہ دوبارہ پلٹ کر دیکھنے کی جرات نہ کی۔ ہماری بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا یہ مظہر تھا کہ ہندوستانی بحریہ کے فخر کو شکست دے کر اسے واپس دھکیل دیا گیا۔"

وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ نے خلیج فارس، بحیرہ عرب اور بحیرہ احمر میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے، جس کا اعتراف دشمن خود کر رہا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو پوری قوم کی فتح قرار دیا اور کہا کہ یہ پاکستان کی بحری تاریخ کا ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔

مزیدخبریں