بھارت کا "بنیان مرصوص" کی کامیابی کو دھندلانے کا منصوبہ بے نقاب

03:53 PM, 19 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان کے خفیہ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت نے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن "بنیان مرصوص" کی اہمیت کم کرنے اور عوامی توجہ ہٹانے کے لیے ایک نیا پروپیگنڈا منصوبہ شروع کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے اس مقصد کے لیے کالعدم تنظیم فتنہ الخوراج (سابقہ تحریک طالبان پاکستان) کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان کو استعمال کرنا شروع کر دیا ہے، جس نے بھارتی اخبار دی سنڈے گارڈین میں ایک ایسا مضمون لکھا ہے جس میں پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ یہ مضمون دراصل بھارت کے ایک اور ممکنہ فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کا اشارہ ہے، جس کے ذریعے بھارت اپنے ہی علاقوں میں حملے کروا کر الزام پاکستان پر ڈال سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق دی سنڈے گارڈین کوئی عام اخبار نہیں بلکہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" کے زیر اثر چلنے والا ایک پروپیگنڈا پلیٹ فارم ہے۔ اس کے مالک کارتیکیہ شرما کا تعلق بھارتی حکمران جماعت بی جے پی اور انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس سے ہے۔ اخبار کے سینئر صحافی ابھینندن مشرا وہی شخص ہیں جنہوں نے سب سے پہلے احسان اللہ احسان کی فرار کی خبر نشر کی تھی، جو ان کے بھارتی اداروں سے تعلق کی واضح علامت ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ احسان اللہ احسان کا کردار صرف ایک کٹھ پتلی کا ہے، جسے بھارتی خفیہ ایجنسیاں اپنی مرضی کے بیانیے کے لیے استعمال کر رہی ہیں۔ اس کے ذریعے پاکستان کے خلاف جھوٹا اور گمراہ کن مواد عالمی میڈیا میں پھیلایا جا رہا ہے۔

دفاعی تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ بھارت ایک جانب مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے، تو دوسری جانب پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے جعلی خبریں پھیلا رہا ہے۔ احسان اللہ احسان کا مضمون اور بھارتی میڈیا کا کردار بھارت کے منفی عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت کے ان اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے جو خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکے ہیں۔

مزیدخبریں