بھارت کا کھیل میں بھی سیاست کا رنگ، ایشیا کپ سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ

12:04 PM, 19 May, 2025

نئی دہلی  : بھارت نے پاکستان کے خلاف ایک اور چال چلتے ہوئے ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے دونوں ٹورنامنٹس سے دستبرداری کا عندیہ دے دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ جون میں سری لنکا میں کھیلا جانا ہے، جبکہ مینز ایشیا کپ ستمبر میں شیڈول ہے۔ تاہم بھارتی بورڈ کا مؤقف ہے کہ چونکہ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کی صدارت اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کے پاس ہے، اس لیے وہ ایسے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لے سکتا جس کی قیادت "پاکستانی وزیر" کر رہا ہو۔

بی سی سی آئی نے ویمنز ایونٹ سے زبانی طور پر دستبرداری کی اطلاع ایشین کرکٹ کونسل کو دے دی ہے، اور دیگر ایونٹس پر بھی نظرثانی جاری ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں اپنی حکومت سے مشورہ کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ابھی تک بی سی سی آئی نے باضابطہ طور پر ایشیا کپ سے انکار نہیں کیا، مگر تیاری مکمل ہے۔ بھارت کی اس حرکت کو پاک بھارت کشیدگی سے جوڑا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ اس سال بھارت میں ہی شیڈول ہے اور بھارت اس وقت ٹورنامنٹ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے، اس کے باوجود کھیل کو سیاست کی نذر کیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں