اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار آج چین روانہ ہوں گے جہاں وہ چینی ہم منصب وانگ ای سے ملاقات کریں گے۔ یہ دورہ چین کی حکومت کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنما علاقائی امن و استحکام، دوطرفہ تعلقات اور موجودہ جیو پولیٹیکل صورتحال پر گفتگو کریں گے۔ اس موقع پر حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور سیز فائر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی 20 مئی کو بیجنگ پہنچیں گے، جس کے بعد تینوں ملکوں پاکستان، چین اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقات ہوگی۔ توقع ہے کہ اس ملاقات میں باہمی تجارت، سیکیورٹی تعاون، انسداد دہشت گردی اور سرحدی روابط مضبوط بنانے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔