مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی: وزیراعظم کا ملک گیر 'ایندھن بچت پلان' تیار کرنے کا حکم

07:59 PM, 19 Mar, 2026

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال اور ایندھن کی ممکنہ قلت سے نمٹنے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر اور وفاقی وزراء نے شرکت کی، جہاں ملک کی مجموعی سیکیورٹی اور معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں غیر مستحکم حالات کے پیش نظر ایندھن کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت صوبوں کے ساتھ مل کر ایک جامع لائحہ عمل مرتب کرے تاکہ ہنگامی حالات میں ایندھن کی بچت کو یقینی بنایا جا سکے۔
انٹیلیجنس بیورو (IB) کو پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور ریکارڈ کی کڑی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے قاعدگی یا ذخیرہ اندوزی کا سدِباب ہو سکے۔وزیراعظم نے زور دیا کہ حالات کی بہتری تک تمام متعلقہ ادارے ہنگامی اقدامات کے لیے تیار رہیں۔ اجلاس میں درج ذیل عوامی اقدامات کی اپیل کی گئی۔شہری انفرادی گاڑیوں کے بجائے اجتماعی طور پر نقل و حرکت کریں۔ایندھن کی بچت کے لیے آمد و رفت کو کم سے کم رکھا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ اشرافیہ کو خود مثال بن کر کفایت شعاری اور قربانی کے جذبے کو اپنانا ہوگا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں فی الوقت پیٹرولیم مصنوعات کا مناسب ذخیرہ موجود ہے، تاہم عالمی سطح پر سپلائی چین متاثر ہونے کی صورت میں پیشگی بچت کے اقدامات ناگزیر ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ کفایت شعاری کی پالیسی کے ذریعے ہی عوام کو ممکنہ بحران سے بچایا جا سکتا ہے۔

مزیدخبریں