اسلام آباد: پاکستان میں شوال 1447 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے آج مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔ اجلاس چیئرمین مولانا سید عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں وزارت مذہبی امور کے کوہسار بلاک میں ہوگا، جس میں کمیٹی کے ارکان کے ساتھ محکمہ موسمیات کا نمائندہ بھی شریک ہوگا۔
زونل کمیٹیاں اپنے شہروں میں الگ الگ اجلاس کریں گی، اور چاند نظر آنے یا نہ آنے کا حتمی اعلان مرکزی کمیٹی شہادتوں کی بنیاد پر کرے گی۔ قومی خلائی ادارے سپارکو نے آج پیش گوئی کی ہے کہ شوال کا چاند نظر نہیں آئے گا۔
گذشتہ روز سعودی عرب نے اعلان کیا کہ شوال کا چاند نظر نہیں آیا، اس لیے رمضان کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور عید الفطر جمعہ کو منائی جائے گی۔ اسی طرح متحدہ عرب امارات اور قطر نے بھی 20 مارچ کو عید الفطر منانے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب، افغانستان میں شوال کا چاند گزشتہ رات نظر آنے کی وجہ سے آج عید الفطر منائی جا رہی ہے۔ افغان سپریم کورٹ نے چاند دیکھنے والوں کی شہادت کو قابلِ اعتبار قرار دیا ہے۔