صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اجلاس ،دہشت گردی کے خلاف عزم کا اعادہ

07:09 PM, 19 Mar, 2025

کوئٹہ: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ہم ان عناصر کو ہر صورت شکست دیں گے اور پاکستان میں امن قائم کریں گے۔

کوئٹہ میں صدر مملکت کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔

اجلاس میں قائم مقام گورنر بلوچستان کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری حکمت عملی میں جدید اسلحہ فراہم کرنا شامل ہے تاکہ ہم اس جنگ میں کامیابی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور پائیدار امن کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، اور ہمیں یقین ہے کہ بلوچستان کے بچے تعلیم حاصل کریں گے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔

صدر زرداری نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ بلوچستان کے پارلیمانی نمائندوں سے ملاقات کی جائے گی تاکہ وہاں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جا سکیں۔

مزیدخبریں