مریم نواز کا کرایوں میں کمی کے لیے فوری اقدامات کا حکم

07:40 PM, 19 Jun, 2026

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا ہے اور صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ و مال برداری کے کرایوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

انہوں نے مشکل معاشی حالات میں عوام کے صبر و تعاون کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور پٹرولیم نرخوں میں کمی کے فیصلے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کی تعریف کی۔

مریم نواز نے کہا کہ علاقائی صورتحال میں بہتری کے بعد وزیراعظم نے ایندھن کی قیمتیں کم کرنے کا وعدہ پورا کیا ہے، اور توانائی کے شعبے کو بحران سے محفوظ رکھنا ایک اہم پیش رفت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے عالمی سطح پر توانائی اور معاشی دباؤ کے اثرات کم کرنے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل ہونا ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی ہونی چاہیے تاکہ عوام کو حقیقی اور فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
 
 
 

مزیدخبریں