اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں گراوٹ کے بعد عوام کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں غیر معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمتوں کا نفاذ فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں نرمی کے باعث یہ فیصلہ ممکن ہوا۔ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمت کے بعد خطے میں صورتحال بہتر ہونے سے عالمی توانائی مارکیٹ میں استحکام پیدا ہوا، جس کا اثر تیل کی قیمتوں پر بھی پڑا۔
ذرائع کے مطابق آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حمل کی بحالی نے بھی عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی سے متعلق خدشات کو کم کیا، جس کے نتیجے میں خام تیل مزید سستا ہو گیا۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں آنے والی کمی کا فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچانے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم کیے گئے ہیں۔ معاشی ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کمی، کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی آنے کی توقع ہے، جس سے عام شہریوں کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔