بھارت کی آبی سرگرمیوں پر پاکستان کا احتجاج، سلامتی کونسل کو خط ارسال

11:22 AM, 19 Jun, 2026

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے معاملے پر فوری توجہ دینے کی اپیل کی ہے۔

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے لکھا گیا خط اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے صدر کو پہنچایا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت دریائے چناب پر مبینہ غیر قانونی آبی منصوبوں کے ذریعے پانی کا رخ موڑنے کی کوشش کر رہا ہے، جس سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

پاکستان نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات نہ صرف بین الاقوامی معاہدوں کے منافی ہیں بلکہ خطے کے امن اور استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ خط میں سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لے اور بھارت کو بین الاقوامی ذمہ داریوں کا پابند بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام سفارتی اور قانونی ذرائع استعمال کرے گا اور سندھ طاس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کے لیے عالمی برادری سے تعاون کا خواہاں ہے۔

مزیدخبریں