واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا ایران کے ساتھ مذاکرات کے سلسلے میں مجوزہ دورۂ سوئٹزرلینڈ ملتوی کر دیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ جے ڈی وینس آج سوئٹزرلینڈ روانہ نہیں ہوں گے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق بعض اہم سفارتی اور انتظامی معاملات ابھی تک حتمی شکل اختیار نہیں کر سکے، جس کے باعث دورے کو فی الحال ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم امریکی قیادت نے واضح کیا ہے کہ جیسے ہی یہ معاملات طے پا جائیں گے، وہ مذاکرات کے لیے روانگی کے لیے تیار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان سوئٹزرلینڈ میں مجوزہ مذاکرات کے انعقاد کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے نئے شیڈول پر غور کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب سوئس حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آج متوقع مذاکرات نہیں ہوں گے، تاہم سوئٹزرلینڈ مستقبل میں ان مذاکرات کی میزبانی کے لیے بدستور تیار ہے۔
سفارتی مبصرین کے مطابق خطے کی موجودہ صورتحال اور بعض تکنیکی معاملات مذاکرات میں تاخیر کی اہم وجوہات قرار دی جا رہی ہیں، تاہم فریقین کی جانب سے بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔