اٹلانٹا: فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ اے میں چیک ریپبلک اور جنوبی افریقا کے درمیان ہونے والا سنسنی خیز مقابلہ 1-1 گول سے برابری پر اختتام پذیر ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں اپنا پہلا پوائنٹ حاصل کر لیا۔
افتتاحی میچ میں ناکامی کے بعد دونوں ٹیمیں فتح کی تلاش میں میدان میں اتریں، تاہم مقررہ وقت کے اختتام پر کوئی بھی ٹیم کامیابی اپنے نام نہ کر سکی۔
چیک ریپبلک نے میچ کا آغاز انتہائی متاثرکن انداز میں کیا اور صرف چھٹے منٹ میں میکال سیڈیلیک نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ پہلے ہاف کے اختتام تک چیک ٹیم ایک گول کی سبقت برقرار رکھنے میں کامیاب رہی۔
دوسرے ہاف کے آخری لمحات میں جنوبی افریقا کو برابری کا موقع ملا جب 83ویں منٹ میں چیک کھلاڑی پاویل شُلتس کے باکس کے اندر ہینڈ بال کرنے پر ریفری نے پنالٹی کا اشارہ دیا۔
جنوبی افریقا کے مڈفیلڈر ٹیبوہو موکوینا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنالٹی کو گول میں تبدیل کر دیا اور اسکور 1-1 کر دیا۔
میچ کے باقی وقت میں دونوں ٹیموں نے فیصلہ کن گول کی کوشش کی، تاہم کامیابی کسی کو نہ مل سکی۔ یوں مقابلہ برابری پر ختم ہوا اور دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ کے ساتھ میدان سے رخصت ہوئیں، جبکہ جنوبی افریقا نے اس نتیجے کے ذریعے ٹورنامنٹ میں اپنی امیدیں برقرار رکھیں۔