وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صحت کے میدان میں بڑا قدم، "کلینک آن ویلز" منصوبے کے دوسرے مرحلے کا آغاز

12:42 PM, 19 Jun, 2025

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں صحت کی سہولیات کو عوام کے دروازے تک پہنچانے کے مشن کے تحت "کلینک آن ویلز" منصوبے کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے موبائل کلینکس کا معائنہ کیا اور ڈاکٹرز کو نئی گاڑیوں کی چابیاں بھی دیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان کی پوری توجہ عوام کو مفت اور معیاری علاج کی فراہمی پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر، ہیپاٹائٹس اور دل کے مریضوں کو اب مفت ادویات ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں، جب کہ موبائل کلینکس اب پنجاب کے ہر ضلع اور شہری علاقے میں عوام کو طبی سہولیات فراہم کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ کلینکس ایئرکنڈیشنڈ ہیں اور ایک موبائل آپریشن تھیٹر کی سہولت سے لیس ہیں۔ صرف ایک سال میں ان کے ذریعے ایک کروڑ سے زائد افراد کا مفت علاج کیا گیا، اور اب روزانہ 45 ہزار سے زائد لوگ ان سہولیات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔

مریم نواز نے صحت کے شعبے میں وزیر صحت عمران نذیر اور دیگر متعلقہ افسران کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی ٹیم کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں اب تمام مریضوں کو مفت ادویات دی جائیں گی، جس کے لیے حکومت نے 100 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف اور شہباز شریف کے دور میں صحت کے شعبے میں نمایاں کام ہوا، لیکن پچھلے چند سالوں میں عوام صحت کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان کا خواب ہے کہ ہر شہری کو اس کا حق اس کی دہلیز پر دیا جائے، اور یہ خواب اب حقیقت بنتا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں