جناح میڈیکل کمپلیکس جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا: وزیراعظم شہباز شریف

12:10 PM, 19 Jun, 2025

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو جدید طبی تحقیق اور علاج کی سہولیات سے مکمل طور پر لیس کیا جائے گا، اور یہ اسپتال پورے خطے کے لیے ایک مثالی طبی ادارہ بنے گا۔

یہ بات انہوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے اس منصوبے کی تعمیر میں مکمل شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسپتال کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے چین، ترکیہ، جنوبی کوریا اور سنگاپور میں خصوصی روڈ شوز کا انعقاد کیا گیا، جہاں بین الاقوامی کمپنیوں نے اس منصوبے میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔

اس کے علاوہ، جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر سے متعلق دو بین الاقوامی کانفرنسز بھی منعقد کی گئیں، جن میں 10 ممالک کی 33 بڑی کمپنیاں شریک ہوئیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو طبی شعبے میں ترقی کی نئی راہوں پر لے جائے گا، اور عوام کو عالمی معیار کی صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔

مزیدخبریں