فیلڈ مارشل عاصم منیر اور صدر ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات ہوئی ، آئی ایس پی آر

10:56 AM, 19 Jun, 2025

راولپنڈی :فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وائٹ ہاؤس میں اہم ملاقات اور ظہرانہ ہوا، جس میں مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات، علاقائی سیکیورٹی، عالمی چیلنجز، اور باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو اور مشرقِ وسطیٰ کے لیے خصوصی نمائندہ سٹیو ویٹکوف بھی موجود تھے، جبکہ پاکستانی وفد میں قومی سلامتی کے مشیر بھی شامل تھے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک-بھارت کشیدگی کے بعد جنگ بندی میں مدد فراہم کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا، اور عالمی مسائل سے نمٹنے میں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ جواباً، صدر ٹرمپ نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں اور خطے میں امن قائم رکھنے کے کردار کی تعریف کی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ ساتھ ہی باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دینے، معدنیات، توانائی، مصنوعی ذہانت، کرپٹو کرنسی اور دیگر شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بھی بات ہوئی۔

اس موقع پر ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی، جس میں صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل کی قیادت کو سراہتے ہوئے ان کی فیصلہ سازی کو مثبت قرار دیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر ٹرمپ کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے دورۂ پاکستان کی باضابطہ دعوت بھی دی۔ طے شدہ ایک گھنٹے کی یہ ملاقات اہمیت کے پیش نظر دو گھنٹے تک جاری رہی۔

یہ ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان اعتماد سازی، تعاون کے فروغ اور علاقائی امن کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں