صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے جنگ سے گریز کو سراہا

12:31 AM, 19 Jun, 2025

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتِ حال، پاک بھارت کشیدگی، ایران سے متعلق امور اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کرنے کے لیے انہیں مدعو کیا گیا تھا کیونکہ انہوں نے جنگی حالات کے بجائے امن کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا، جو ایک قابل ستائش قدم ہے۔"

ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اس لیے ہر قدم احتیاط سے اٹھانا ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی قیادت پاکستانی حکام کے ساتھ ایران کے مسئلے پر بھی گفتگو کر چکی ہے، کیونکہ پاکستان ایران کو بہتر طور پر جانتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے پاکستانی عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "پاکستانی لوگ بہت سمارٹ ہیں، میں انہیں پسند کرتا ہوں۔" انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بھی بات چیت جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جن میں سیکیورٹی اور علاقائی استحکام پر گفتگو ہوگی۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ ملاقات نہ صرف دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی جانب اشارہ ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے بھی ایک مثبت پیش رفت ہے۔

مزیدخبریں