لاہور ،کراچی ،اسلام آباد:مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل آج سے پنجاب میں داخل ہو رہا ہے، جس کے باعث صوبے کے متعدد علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
موسمی صورتحال کے پیش نظر لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، مری، جہلم، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، چکوال، میانوالی، سرگودھا، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں تک بھی پھیل سکتا ہے، جہاں بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
شدید بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کو موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔