اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کشمیر کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
یومِ الحاق پاکستان کے موقع پر جاری اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ جُڑنے کا تاریخی فیصلہ کیا تھا، جو آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے الحاق ایک نظریاتی وعدہ ہے، جو ہماری اجتماعی سوچ کا لازمی جزو ہے۔ پیپلز پارٹی کے بانی قائد ذوالفقار علی بھٹو نے اس وعدے کی بنیاد رکھی، اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر پلیٹ فارم پر اس مؤقف کا دفاع کیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر کھڑے ہیں۔
آخر میں بلاول بھٹو نے یقین دہانی کرائی کہ الحاق پاکستان کا خواب ایک دن حقیقت میں بدلے گا اور کامیابی کشمیری عوام کے حصے میں ہی آئے گی۔