پاکستان انڈر 19 نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

08:28 PM, 19 Jan, 2026

ہرارے: انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے بارہویں میچ میں پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔ یہ مقابلہ زمبابوے کے شہر ہرارے میں کھیلا گیا۔ پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر سکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا۔

سکاٹ لینڈ کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر تک نہ ٹک سکی اور پورے 50 اوورز میں صرف 187 رنز ہی بنا پائی۔ سکاٹ لینڈ کے بلے باز پاکستان کے گیند بازوں کے سامنے نہ چل سکے اور ان کا کوئی بھی کھلاڑی ٹائم گزارنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

پاکستان کے فاسٹ باؤلر علی رضا نے انتہائی متاثر کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پہلے ہی اوور میں سکاٹ لینڈ کے دو اہم بیٹسمینوں کو پویلین واپس بھیجا۔ علی رضا نے 37 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مومن قمر نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت اسکاٹ لینڈ کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ٹوٹ گئی۔

پاکستانی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں سنجیدگی اور ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔ انہوں نے 43.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 188 رنز بنا کر میچ اپنے نام کیا۔ عثمان خان نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ احمد حسین نے 47 رنز کی اہم اننگز کھیل کر جیت کو یقینی بنایا۔

پاکستان نے یہ فتح اپنے نام کر کے ٹورنامنٹ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔

مزیدخبریں