واٹس ایپ ویب ورژن میں گروپ کالز کی سہولت، صارفین کے لیے بڑی اپ ڈیٹ

06:43 PM, 19 Jan, 2026

کیلیفورنیا : واٹس ایپ اپنے ویب ورژن کے لیے ایک بڑی اپ ڈیٹ متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کا صارفین طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ میٹا کے زیرِ انتظام میسجنگ ایپ اب اپنے ویب ورژن میں گروپ وائس اور ویڈیو کالز کی سہولت فراہم کرے گا، جس سے صارفین کا تجربہ بہتر ہو گا اور انہیں موبائل یا ڈیسک ٹاپ ایپ پر کم انحصار کرنا پڑے گا۔

رپورٹس کے مطابق، یہ فیچر ابھی زیرِ ترقی ہے اور بیٹا صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں ہے۔ تاہم، جلد ہی صارفین کو ویب براؤزر کے ذریعے گروپ کالز کرنے یا ان کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔

اس اپ ڈیٹ کا مقصد یہ ہے کہ واٹس ایپ کے ویب ورژن کو موبائل ایپ کے ہم پلہ بنایا جائے، تاکہ صارفین کو مختلف ڈیوائسز کے درمیان سوئچ کرنے میں کسی قسم کی مشکل نہ ہو اور تمام فیچرز کی سہولت دستیاب ہو۔

فی الحال، واٹس ایپ ویب پر صرف ون آن ون آڈیو اور ویڈیو کالز کی سہولت موجود ہے، مگر کمپنی گروپ کالز کے فیچر پر کام کر رہی ہے تاکہ یہ فیچر ویب ورژن کا حصہ بن سکے۔

جب یہ فیچر مکمل طور پر دستیاب ہوگا تو صارفین چیٹ ونڈوز میں جا کر گروپ کالز شروع کر سکیں گے، کالز کے نوٹیفکیشن موصول کریں گے اور جاری گروپ کالز میں شامل بھی ہو سکیں گے۔

اب تک یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر تمام صارفین کے لیے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

مزیدخبریں