امریکی صدر ٹرمپ کا تاریخی خطاب: وزیراعظم شہباز شریف 'پسندیدہ ترین شخصیت' اور فیلڈ مارشل عاصم منیر 'عظیم فائٹر' قرار

"پاک بھارت حالیہ جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے، مودی کو ٹیرف کی دھمکی دے کر جنگ رکوائی": غزہ امن بورڈ میں صدر ٹرمپ کے سنسنی خیز انکشافات

08:08 PM, 19 Feb, 2026

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے "غزہ بورڈ آف پیس" کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کو عالمی سطح پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران نہ صرف بڑے پیمانے پر فضائی معرکہ ہوا بلکہ انہوں نے مداخلت کر کے ایک بڑی جنگ کو روکا۔
صدر ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کے حوالے سے غیر معمولی کلمات کہے۔ان کاکہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک عظیم لیڈر اور میری پسندیدہ ترین شخصیت ہیں۔ حالیہ جنگ کے کٹھن دوران میں ان کے ساتھ میرے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔پاکستان کے فیلڈ مارشل ایک عظیم شخص اور بہت بڑے فائٹر ہیں۔" صدر ٹرمپ نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قیادت کی بھرپور تعریف کی۔
صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ حالیہ پاک بھارت ٹکراؤ کے دوران 11 طیارے گرائے گئے۔ انہوں نے اپنی سفارت کاری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کو سخت پیغام دیا تھا ۔میں نے مودی کو صاف بتا دیا تھا کہ اگر جنگ نہ روکی تو بھارت پر بھاری ٹیرف لگا دوں گا۔ جنگ کے دوران ڈیل کرنا ہمیشہ مشکل ہوتا ہے لیکن ہم نے اسے ممکن بنایا۔امریکی صدر نے اپنی کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک 8 جنگیں رکوا چکے ہیں اور اب 9ویں جنگ رکوانے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا میں نے سوچا تھا کہ یہ (9ویں جنگ) روکنا سب سے آسان ہوگا، لیکن غزہ کا مسئلہ بہت پیچیدہ تھا۔    "غزہ امن کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر عالمی رہنماؤں کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
صدر ٹرمپ نے "غزہ بورڈ آف پیس" کو دنیا کا طاقتور ترین اور بااثر فورم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن کے قیام کے لیے اس کا کوئی متبادل نہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ غزہ کے لوگوں کے لیے ایک روشن مستقبل اور خطے کی تعمیرِ نو چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن سے بڑھ کر کچھ نہیں اور آج پوری دنیا ہمیں دیکھ رہی ہے۔

مزیدخبریں