بیجنگ : چین کی لائیو سٹریمنگ انڈسٹری میں اس وقت ہلچل مچ گئی جب ایک معروف انفلوئنسر کی لائیو نشریات کے دوران بیوٹی فلٹر نے کام کرنا چھوڑ دیا۔ اس ایک لمحے کی فنی خرابی نے انفلوئنسر کے مصنوعی حسن کا پردہ چاک کر دیا، جس کے نتیجے میں ان کی شہرت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا اور 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد فالوورز نے انہیں فوری طور پر 'ان فالو' کر دیا۔
مذکورہ خاتون اپنی لائیو سٹریم میں ہمیشہ بیوٹی فلٹرز کا استعمال کرتی تھیں، جو ڈیجیٹل طور پر ان کی رنگت گوری، آنکھیں بڑی اور چہرہ عمر میں چھوٹا دکھاتے تھے۔ تاہم، سٹریمنگ کے دوران فلٹر اچانک غائب ہوا تو ناظرین کے سامنے ایک عام اور عمر رسیدہ چہرہ آگیا۔ یہ منظر دیکھ کر لائیو سیشن میں موجود صارفین ہکا بکا رہ گئے اور سیکنڈوں میں تنقید کا طوفان کھڑا ہو گیا۔
جیسے ہی اصل شکل واضح ہوئی، فالوورز کی تعداد میں تیزی سے گراوٹ آئی اور 1 لاکھ 40 ہزار لوگ ان کے پیج سے الگ ہو گئے۔لائیو سٹریمنگ کے دوران ملنے والے مالی تحائف اور 'ڈونیشنز' بھی بند ہو گئیں، جو ان کی آمدنی کا بڑا ذریعہ تھیں۔
سوشل میڈیا کا سراب ٹوٹ گیا: بیوٹی فلٹر فیل ہونے پر چینی انفلوئنسر کے ایک لاکھ سے زائد فالوورز کا 'بائیکاٹ'
03:53 PM, 19 Feb, 2026