نئی دہلی: بھارت کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کا عالمی حب بنانے کی کوششوں کو اس وقت دھچکہ لگا جب مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے نئی دہلی میں جاری 'انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ' سے اپنی شرکت منسوخ کر دی۔ بل گیٹس کی دستبرداری کی وجہ جیفری ایپسٹین کیس میں امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ وہ نئی دستاویزات بتائی جا رہی ہیں جنہوں نے عالمی سطح پر ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن نے اس غیر متوقع فیصلے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ بل گیٹس سے وابستہ حالیہ خبریں سمٹ کے ایجنڈے کو متاثر کریں۔ اب ان کی جگہ فاؤنڈیشن کے علاقائی سربراہ انکور وورا خطاب کریں گے۔ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد سمٹ کے اصل مقصد یعنی 'اے آئی فار امپیکٹ' پر توجہ مرکوز رکھنا ہے۔
سمٹ کے افتتاحی سیشن سے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے خطاب کیا۔ دونوں رہنماؤں نے ٹیکنالوجی کو عام آدمی کے لیے سہولت بنانے اور اسے عالمی تعاون کے سانچے میں ڈھالنے کی ضرورت پر زور دیا۔اس پانچ روزہ ایونٹ میں 100 سے زائد ممالک کے وفود شریک ہیں، جو بھارت کی ڈیجیٹل طاقت کا اعتراف ہے۔ بل گیٹس کے ترجمان نے ایپسٹین کیس سے متعلق الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا موکل کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں کبھی ملوث نہیں رہا۔
اگرچہ بل گیٹس کی غیر موجودگی نے سمٹ کی گہما گہمی پر اثر ڈالا ہے، تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ 17 ہزار سے زائد ماہرین اور عالمی لیڈرز کی موجودگی میں یہ سمٹ بھارت کے لیے اب بھی ایک بڑا موقع ہے۔
بھارت کا 'اے آئی' مشن اور بل گیٹس کا اچانک پیچھے ہٹنا: عالمی ٹیکنالوجی سمٹ تنازعات کا شکار
03:30 PM, 19 Feb, 2026